17 تاریخ کے طلوع آفتاب کا انتظار کریں گے، فرانسیسی سفیر نکالو: حافظ سعد رضوی کا حکومت کو انتباہ

امیر ٹی ایل پی ، حافظ سعد حسین رضوی نے حکومت کو متنبہ کیا کہ وہ فیض آباد معاہدہ برقرار رکھے اور جلد از جلد فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے لیکن اپنے معاہدے کے پابند ہیں۔ وہ ٹی ایل پی کے سابق سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کے چہلم کے موقع پر ایک بہت بڑے مجمع سے خطاب کر رہے تھے۔ قبل ازیں کثیر قومی اور بین الاقوامی مشائخ و علماءکرام اور ٹی ایل پی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبروں نے علامہ خادم حسین رضوی کو بھی اپنے خطابات میں خراج تحسین پیش کیا۔ شام کے ایک مشہور عالم دین شیخ عبدالعزیز حسینی نے نورالدین زنگی (قرون وسطی کے ایک عظیم مسلمان جرنیل) کے مزار سے چادر اور جبہ پیش کیا۔ مزید یہ کہ انہوں نے شام کے عوام کی طرف سے حافظ سعد رضوی کے ہاتھ پہ بیعت کی کہ وہ آخری نبی حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عزت و ناموس پہ پہرہ دیں گے۔

 

پیر سید ظہیر الحسن شاہ ، علامہ فاروق الحسن ، علامہ غلام غوث بغدادی ، علامہ رضی حسینی ، علامہ عبدالستار سعیدی اور اوریا مقبول جان نے بھی اس موقع پہ خطاب کیا۔