پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے بانی ڈاکٹر عبدالقدیر خان انتقال کرگئے

دنیا کے نامور سائنسدان اور پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر خان 85 برس کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ تحریک لبیک پاکستان اس موقع پر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کرتی ہے اور قومی ہیرو کے بچھڑ جانے پہ ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان 20 سال سے زائد عرصے سے نظربندی کی زندگی گزار رہے تھے۔ انہوں نے اس کے خلاف متعدد بار عدلیہ سے رجوع بھی کیا لیکن ان مقدمات میں "خاطرخواہ پیشرفت" نہ ہونے کے باعث انہیں ابھی بھی محض "محدود" نقل و حمل کی اجازت تھی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں لوگوں کا ایک جم غفیر دیکھا جاسکتا ہے جو محسن ملت اسلامیہ ڈاکٹر عبدالقدیرخان کی نماز جنازہ پڑھنے کے لئے وہاں جمع ہوا۔ جنازے کے شرکا لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور تاجدار ختم نبوت زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔ مرکز تحریک لبیک پاکستان جامع مسجد رحمتہ اللعالمین میں بعد از نماز مغرب محسن ملت کی فاتحہ خوانی کی محفل بھی منعقد کی گئی۔ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں مرکزی مجلس شوری تحریک لبیک پاکستان نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی رحلت پر گہرے غم و دکھ کا اظہار کیا اور ان کے لئے دعائے مغفرت و خیر کی۔