مرکزی مجلس شوری کا فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے مطالبے پر عملداری کا جائزہ

تحریک لبیک پاکستان کی مرکزی مجلس شوری کا اجلاس امیر تحریک حافظ سعد حسین رضوی کی سربراہی میں ہوا جس میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے مطالبے پر عملداری کا جائزہ لیا گيا۔ اجلاس میں یہ بات زیر غور آئی کہ امیر تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کو لکھے خطوط بعض جماعتوں کا پہنچا دیۓ گئے ہیں جبکہ بعض جماعتوں کی جانب سے ملاقات کا وقت نہ دیے جانے کے باعث خطوط تاحال نہیں پہنچائے جا سکے۔ جس پر مرکزی مجلس شوری نے فیصلہ کیا کہ اپوزیشن جماعتوں کو کمیٹی کی تشکیل کے سلسلے میں ایک کھلا خط لکھا جائیگا۔


اجلاس کے دوران قائدین نے آئندہ آنے والے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں لائحہ عمل پہ غور کیا اور کارکنان اور ذمہ داران کے کردار اور ذمہ داریوں کا تعین کیا گیا۔ مزید برآں تحریک لبیک پاکستان نے خواتین ونگ کے قیام کا فیصلہ کیا اور اس سلسلے میں اقدامات کی ذمہ داری پیر قاضی محمود اعوانی کو سونپ دی گئی۔


ملک میں حالیہ مہنگائی کی لہر کے خلاف تحریک لبیک پاکستان نے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے شروع کرنے کا فیصلہ کیا جس کے تناظر میں پہلا مارچ یوم پاکستان کے موقع پر کراچی میں کیا جائیگا۔