اسلام میں بین المذاہب ہم آہنگی جیسی کوئی چیز نہیں: حافظ سعد حسین رضوی

ایک یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ اگر اسلام میں بین المذاہب ہم آہنگی ہوتی تو حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کے دور میں بیت المقدس فتح کیوں کیا گیا؟ حافظ سعد حسین رضوی نے قرآنی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی خود مسلمانوں کو یہود و نصاری کے ساتھ دوستی سے منع فرماتا ہے۔

پاکستان کو اسرائیل کو تسلیم کرنے پر مجبور کرنے سے متعلق عالمی کوششوں کے بارے میں سوال پر امیر تحریک لبیک پاکستان نے واضح الفاظ میں کہا کہ انکی جماعت ایسے کسی اقدام کی حمایت نہیں کریگی بلکہ اس پر بھرپور ردعمل دیا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل خطہ زمین پر خطرناک ترین ملک ہے اور برصغیر میں قادیانیت کا پودا بھی اسی نے لگایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہ صرف زبانی بلکہ عملی طور پر بھی فلسطینیوں کے ساتھ ہیں۔

آزاد میڈیا کی میڈیا مینجمینٹ

حافظ سعد حسین رضوی نے 'میڈیا مینجمینٹ' کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کیا آزاد میڈیا ایسا ہوتا ہے۔ انہوں نے انٹرویو کرنے والے صحافی پر واضح کیا کہ وہ جو سوال چاہے کر سکتے ہیں اور تحریک لبیک پاکستان میڈیا اسطرح کی میڈیا مینجمینٹ نہیں کرتی۔

سابقہ اور موجودہ حکومتی سیاسی جماعتیں

موجودہ حکومتی سیاسی جماعتوں کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر حافظ سعد حسین رضوی کہ کہنا تھا کہ ملکی معیشیت کو اس نہج تک پہنچانے میں سب شریک ہیں جہاں ضروریات زندگی عوام کی پہنچ سے باہر نکل چکی ہیں۔

تحریک لبیک پاکستان کی تعلیمی پالیسی

امیر تحریک لبیک پاکستان نے واضح کیا کہ طلبا کو جدید تعلیم دنیا بھر کے اعلی تعلیمی اداروں سے حاصل کرنی چاہئے لیکن سب سے پہلی ترجیح قرآنی اور بنیادی اسلامی تعلیم ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ان (تحریک لبیک پاکستان) سے منسلک طلبا بھی بیرون ملک اداروں سے تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ حافظ سعد حسین رضوی نے قومی شاعر علامہ محمد اقبال کا حوالہ دیا کہ کسطرح انہوں نے مغرب سے تعلیم حاصل کرکے آنے کے بعد بھی کھل کر اسلام کی بات کی۔