"ہمارے بلدیاتی امیدواران اور رہنماوں کو گرفتار کیا جارہا ہے،" مفتی قاسم فخری

رکن سندھ اسمبلی مفتی قاسم فخری نے کہا ہے کہ حکومت اور الیکشن کمیشن تحریک لبیک پاکستان کو دیوار سے لگانے کی کوشش کیوں کررہے ہیں جب یہ آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے جدوجہد کررہی ہے۔ مفتی قاسم فخری نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے رہنماوں، بلدیاتی انتخابات کے امیدواران، تجویزکنندگان اور تائید کنندگان کو گرفتار کیا جارہا ہے۔ سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن ملکر الیکشن کے عمل کو سبوتاژ نہ کریں۔

اس سے قبل آج الیکشن کمیشن نے تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے دوبارہ گنتی کے لئے دی گئی درخواست مسترد کردی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز این اے 240 کے الیکشن میں تحریک لبیک پاکستان محض 65 ووٹوں سے ہاری تھی۔ جبکہ کل 309 میں سے 299 پولنگ اسٹیشنز کے رزلٹ آنے تک تحریک لبیک سر فہرست جارہی تھی جس کے بعد آر ٹی ایس سسٹم تقریبا 30 منٹ تک کریش رہا اور آخری دس پولنگ سٹیشنز کے رزلٹ میں تحریک لبیک پاکستان کی جیت ہار میں تبدیل کردی گئی۔ مزیدبرآں 65 ووٹوں کا فرق ان ووٹوں سے کہیں کم ہے جو تحریک لبیک کو ڈالے گئے مگر مسترد کر دیے گئے۔ ان تمام صورتحال کے مدنظر دوبارہ گنتی کی درخواست دی گئی تھی جو الیکشن کمیشن نے مسترد کردی۔