تحریک لبیک پاکستان نے الیکشن 2024 کے نتائج مسترد کر دیے

تحریک لبیک پاکستان کے امیر حافظ سعد حسین رضوی نے الیکشن 2024 کے نتائج کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر ممبران یونہی چننا تھے تو پھر قوم کا اتنا پیسہ کیوں برباد کیا گيا، جس کو دل کرتا اسکو بغیر الیکشن ہی ممبر بنا دیتے۔ حافظ سعد حسین رضوی نے اپنی پریس کانفرنس میں متعدد حلقوں کے نام لیے جہاں تحریک لبیک پاکستان کی واضح جیت کو نتائج روک کر شکست میں بدل دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیشتر حلقوں میں ان کے پاس تمام پولنگ سٹیشنز کے فارم 45 نہیں ہیں لیکن اسکے باوجود جو فارم 45 ان کے پاس ہیں ان کے مطابق ٹی ایل پی کے مجموعی ووٹ اس تعداد سے کہیں زیادہ ہیں جو فارم 47 پر الیکشن کمیشن کی جانب سے ظاہر کیے گئے ہیں۔

حافظ سعد حسین رضوی نے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ ہار یا جیت کا نہیں بلکہ محض یہ ہے کہ قوم کو اسکا حق دیا جائے وگرنہ پوری قوم کا یقین اس نظام سے اٹھ جائے گا۔ امیر تحریک لبیک پاکستان نے اعلان کیا کہ انکی جماعت ان نتائج کے خلاف عدالتوں میں جائیگی۔ مزیدبرآن، کل بروز ہفتہ دن ایک بجے پورے ملک میں اس دھاندلی زدہ الیکشن کے خلاف ریلیاں نکالی جائیں گی۔