تحریک لبیک پاکستان کی سیالکوٹ واقعے اور اسے تحریک سے جوڑنے کی شدید مذمت

تحریک لبیک پاکستان نے سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں ایک فیکٹری کے غیر ملکی مینیجر کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی۔ ترجمان ٹی ایل پی نے کہا کہ اس واقعہ کو تجریک کے ساتھ منسلک کرنا بھی اتنا ہی افسوسناک ہے جتنا یہ واقعہ۔ انہوں نے کہا کہ دین دشمن قوتیں ملک میں اسلام کے نام پر انتشار پھیلا کر مذہبی جماعتوں کو کچلنا چاہتی ہیں۔

تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ترجمان تحیرک لبیک پاکستان کا کہنا تھا کہ ہر ذی شعور جانتا ہے کہ استعماری طاقتیں پاکستان میں لسانیت، قومیت، صوبائیت اور فرقہ واریت کو ایک مدت سے ہوا دینے کی مذموم کوششیں کررہی ہیں۔ اب ایک پر پھر اقلیتوں کے حقوق کے نام پر فسادات کروا کر ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم قانون کے تحفظ سے ہماری توجہ ہٹا کر اپنے مہروں کے ذریعے اس قانون کو ختم کروانا چاہتی ہیں۔

تحریک لبیک پاکستان نے سیالکوٹ واقعے کی تمام پہلووں سے غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داران کا تعین کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ اگر ملک میں عدل و قانون کے تقاضے پورے کیے جائیں تو کسی کی جرات نہیں ہوگی کہ قانون ہاتھ میں لے۔