تحریک لبیک پاکستان کی آواز پر ملک بھر میں کاروباری مراکز بند

تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف شٹر ڈاون ہڑتال کی کال پر پیر کے روز ملک کے بڑے کاروباری مراکز بند ہیں۔ کئی شہروں میں پولیس کی جانب سے تاجروں کو ہراساں کرکے زبردستی دکانیں کھلوانے کے واقعات کی اطلاعات بھی ہیں۔ پیر کی صبح  لاہور کی شاہ عالم مارکیٹ میں پولیس کی جانب سے دکانیں کھلوانے کی کوشش پر تاجروں نے دکانیں کھولنے سے انکار کردیا۔ لاہور میں شاہ عالم مارکیٹ، اعظم کلاتھ مارکیٹ اور انارکلی سمیت بڑے کاروباری مراکز بند ہیں۔ فیصل آباد، راولپنڈی، گوجرہ، شیخوپورہ اور وزیرآباد سمیت نہ صرف پنجاب بلکہ دوسرے صوبوں میں بھی کاروبار بند ہے۔ کراچی کی کاروباری تنظیمات پہلے ہی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کر چکی ہیں۔

حکومت کی جانب سے ہڑتال کے بعد بھی قیمتیں کم نہ کرنے کی صورت میں لائحہ عمل سے متعلق سوال کے جواب میں حافظ سعد حسین رضوی کا کہنا تھا کہ ان کے پاس بہت سے آپشنز موجود ہیں تاہم حکومت کے پاس قیمتیں کم کرنے کے سوا اور کوئی راستا نہیں ہے۔