دو دن میں دو کذابوں کا جھوٹا دعوی نبوت، ابھی تک کیا ہوا

فیصل آباد واقعہ

Faisalabad FIRاطلاعات کے مطابق تحریک لبیک پاکستان کو معلومات ملی کہ سٹی ہاوسنگ سوسائٹی سرگودھا روڈ فیصل آباد کی رہائشی ایک کذابہ عورت نے نبوت کا دعوی کیا ہے، جس پر تحریک لبیک پاکستان کی مقامی قیادت نے فیصل آباد پولیس سے رابطہ کیا جس نے موقع پر پہنچ کر کذابہ عورت اور اسکے شوہر کو حراست میں لیکر 'نامعلوم مقام' پر منتقل کر دیا۔ ہمیں ملنے والی ایف آئی آر کی کاپی کے مطابق گرفتار عورت اور اسکے شوہر نے لاہور میں مقیم ثنا نامی بہن کی نبوت کے جھوٹے دعووں کی تصدیق کی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں گرفتار کذابہ (حنا انجم) کو اپنی بہن (ثناء) کے نبوت کی جھوٹے اور گستاخانہ دعووں کی گواہی دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیوز میں موجود گستاخانہ مواد کی وجہ سے ادارہ ہذا انہیں عوام الناس کے لئے یہاں اپلوڈ نہیں کرسکتا۔

تحریک لبیک پاکستان فیصل آباد کی دن بھر کی کوششوں اور فیصل آباد پولیس کے تعاون سے کذابہ حنا اور اسکے شوہر کو گرفتار کرکے دفعہ 295 اے، 295 بی، 295 سی اور 298 اے کے تحت ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے۔ تحریک لبیک پاکستان فیصل آباد کی جانب سے مرکزی نائب امیر پیر سید ظہیر الحسن شاہ بخاری کی موجودگی میں جاری ایک ویڈ یو بیان میں کہا گیا ہے کہ نبوت کی جھوٹی دعویدار کذابہ ثنا کو لاہور اور اسکی جھوٹی تصدیق کرنے والی اسکی بہن اور بہنوئی کو فیصل آباد سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تاہم لاہور میں مقیم ثنا کے خلاف کسی بھی عمل کی آزادانہ ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

جہلم واقعہ

Jhelum FIRفیصل آباد واقعہ کے محض ایک دن بعد سرائے عالمگیر جہلم میں ایک مختلف واقعہ میں ایک کذاب شخص کو نبوت کا جھوٹا دعوی کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کی حاصل شدہ نقل کے مطابق ہفتہ کے روز چاقو سے مسلح ایک شخص جوتوں سمیت مسجد میں گھس کو ممبر پر بیٹھ گیا اور چاقو سے نمازیوں کو دھمکاتے ہوئے نبوت کا دعوی کرتا رہا۔ اسکو اس فعل سے منع کونے پر مسلح شخص نے مدعی کو چاقو کے وار سے زخمی کیا اور بعدازاں فرار ہو گیا۔ تاہم بعدازاں تحریک لبیک پاکستان ضلع جہلم کے امیر علامہ عاصم اشفاق رضوی اور کارکنان کے مرکزی دفتر جمع ہونے کے بعد پولیس نے کارووائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔