گیارہواں دن: بہاولپور انتظامیہ کی پاکستان بچاو مارچ کو شہر میں داخل ہونے سے روکنے کی ناکام کوشش

یہ صفحہ گاہے بگاہے اپڈیٹ ہوتا رہیگا۔ مارچ کی صورتحال کے لئے وزٹ کرتے رہئے

خلاصہ

تحریک لبیک پاکستان کے زیر اہتمام 'پاکستان بچاو' مارچ کا آغاز 22 مئی 2023 پیر کی صبح مزار قائد سے ہوا۔ مارچ تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے حالیہ مہنگائی بالخصوص پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف جاری احتجاج کا حصہ ہے۔ پہلے مارچ کا اعلان 11 مئی کے لئے کیا گيا تھا تاہم بعدازاں ملکی صورتحال کے باعث اسکی نئی تاریخ 22 مئی کا اعلان کیا گیا تھا۔
تازہ ترین: بہاولپور انتظامیہ کی تحریک لبیک پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان بچاو لانگ مارچ کو شہر میں داخلے کی اجازت دینے سے انکار

گیارہواں دن (یکم جون 2023 بروز جمعرات)

تحریک لبیک پاکستان کے زیر اہتمام جاری پاکستان بچاو مارچ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب بہاولپور پہنچ گیا جہاں کے مارچ کے شرکاء کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس سے قبل شہر کی انتظامیہ نے لانگ مارچ کے بہاولپور پہنچنے پر اسے شہر میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم پاکستان بچاو مارچ شہر میں داخل ہو گیا۔ بہاولپور میں اپنے خطابات میں قائدین تحریک لبیک پاکستان نے انتظامیہ پر کڑی تنقید کی۔ حافظ سعد حسین رضوی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر تم نے اتنی پھرتیاں دکھانی ہوتی ہیں تو پھر 9 مئی کو ملکی تنصیبات کی حفاظت کرنی تھی۔ مزید تفصیلات پریس ریلیز میں۔

دسواں دن (31 مئی 2023 بروز بدھ)

صادق آباد سے بدھ کی صبح سفر دوبارہ شروع کرنے پر ضلع رحیم یار خان کی متعدد جگہوں پر پاکستان بچاو مارچ کے شرکاء کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ شام کے بعد سفر کو طوفان باد و باراں کی وجہ سے کچھ دیر روکا گیا لیکن طوفان نہ تھمنے کی صورت میں طوفان میں ہی سفر شروع کرکے رات گئے شرکاء لیاقت پور پہنچے۔ ابھی تک 614 کلومیٹر سے زیادہ سفر طے کرنے کے بعد تحریک لبیک پاکستان کے زیر اہتمام جاری پاکستان بچاو مارچ ملکی تاریخ کا دوسرا طویل ترین لانگ مارچ بن چکا ہے۔

مئی کے مہینے کے اختتام پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعادہ کرتے ہوئے حکومت نے معمولی کمی کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 8 اور 5 روپے کی معمولی کمی کی گئی ہے۔ اسکے بعد پٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں آئندہ 15 روز کے لئے 262 اور 253 روپے ہونگی۔ یاد رہے کہ تحریک نبیک پاکستان کا مطالبہ ان قیمتوں کو 14 فروری والی قیمتوں پر لانے کا ہے جن کے مطابق پٹرول کی قیمت 250 سے بھی کم تھی۔

نواں دن (30 مئی 2023 بروز منگل)

سندھ اور پنجاب کی سرحد پر موجود آخری شہر ڈہرکی سے ہوتے ہوئے تحریک لبیک پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان بچاو مارچ منگل کے روز صوبہ پنجاب میں داخل ہو گیا۔ صوبہ پنجاب میں داخلہ سے قبل تمام قائدین بھی کنٹینر سے اتر گئے اور پیدل چلتے ہوئے باب الاسلام صوبہ سندھ سے صوبہ پنجاب میں داخل ہوئے۔ لانگ مارچ کے شرکاء نے پنجاب میں پہلے دن کا پڑاو صادق آباد میں کیا جہاں رات بسر کرنے کے بعد شرکاء دوبارہ سفر کا آغاز کریں گے۔

آٹھواں دن (29 مئی 2023 بروز پیر)

لانگ مارچ کے آٹھویں دن کی منزل گھوٹکی تھی جہاں پاکستان بچاو مارچ پیر کی شب شدید طوفان باد وباراں، بارش اور ‌ژالہ باری کے باعث رات گئے پہنچا۔  اس سے قبل سکھر سے گھوٹکی کی طرف جاتے ہوئے پنوعاقل میں مارچ کے شرکاء کا شاندار استقبال کیا گیا تھا۔

ساتواں دن (28 مئی 2023 بروز اتوار)

پاکستان بچاو مارچ اتوار کی صبح لاڑکانہ سے روانہ ہوا۔ سکھر کی جانب سفر کرتے ہوئے، تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے جاری لانگ مارچ کا جیکب آباد میں شاندار استقبال کیا گیا۔ یاد رہے کہ جیکب آباد ایک سندھ علیحدگی پسند جماعت کو مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ جیکب آباد سے سکھر کی جانب سفر کے دوران شدید طوفان باد و باراں کی وجہ سے مارچ کو عارضی طور پر روکنا پڑا جسکے باعث مارچ کے شرکاء صبح 5 بجے کے قریب سکھر پہنچے جہاں ساری رات کے انتظار کے باوجود عوام کی ایک بڑی تعداد نے مارچ کے شرکاء کا پرتپاک استقبال کیا۔

چھٹا دن (27 مئی 2023 بروز ہفتہ)

تحریک لبیک پاکستان کے زیر اہتمام جاری پاکستان بچاو مارچ اتوار علی الصبح لاڑکانہ پہنچا جہاں قائدین کے خطابات کے بعد شرکاء لانگ مارچ نے رات بسر کی۔ مارچ ہفتہ کی صبح نوشہروفیروز سے لاڑکانہ کے لئے روانہ ہوا تھا۔ مزید تفصیلات کے لئے ملاحظہ کیجئے پریس ریلیز۔

پانچواں دن (26 مئی 2023 بروز جمعۃ المبارک)

نوابشاہ میں جمعۃ المبارک کی نماز ادا کرنے کے بعد تحریک لبیک پاکستان کے زیراہتمام جاری پاکستان بچاو مارچ نوشہروفیروز کے لئے روانہ ہوا جو رات گئے تک مورو سٹی تک پہنچا جہاں اسکا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ مورو میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حافظ سعد حسین رضوی کا کہنا تھا کہ بیرونی طاقتیں اگر پاکستان کو امداد اس شرط پہ دینا چاہتی ہیں کہ پاکستان اپنے ایٹمی پروگرام کو رول بیک کرے تو ان کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم کھائے پئے بغیر رہ لیں گے لیکن ایٹمی پروگرام کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔ امیر تحریک لبیک پاکستان کا کہنا تھا کہ جس طرح پہلے ایک چور اور نااہل حکمران 50 روپے کے اشٹام پیپر پر ملک سے فرار ہوا ہے، عنقریب وہ انقلابی جس نے سب کو رلانا تھا وہ بھی 100 روپے کے اشٹام پیپر پر ملک سے بھاگ جائے گا۔

چوتھا دن (25 مئی 2023 بروز جمعرات)

میرپورخاص سے جمعرات کی صبح روانہ ہونے والا پاکستان بچاو لانگ مارچ عمرکوٹ اور سانگھڑ سے ہوتا ہوا عشا کے وقت نوابشاہ پہنچا جہاں عوام کی بڑی تعداد نے لانگ مارچ کے شرکاء کا استقبال کیا۔ یاد رہے کہ نوابشاہ کو پی پی پی کا گڑھ سمجھا جاتا ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان بچاو مارچ کے نوابشاہ پہنچنے پر نوابشاہ کی سرزمین لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے نعروں سے گونج اٹھی۔ پاکستان بچاو مارچ کے شرکا آج رات نوابشاہ میں ہی قیام کریں گے اور جمعہ کو نماز جمعہ یہیں پر ادا کی جائیگی۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد تحریک لبیک پاکستان کا لانگ مارچ اپنی اگلی منزل کی جانب روانہ ہوگا۔

تیسرا دن (24 مئی 2023 بروز بدھ)

تحریک لبیک پاکستان کا پاکستان بچاو لانگ مارچ بدھ کی صبح حیدرآباد سے میرپورخاص کے لئے روانہ ہوا۔ بدھ کی افتتاحی تقریب میں جمعیت علمائے پاکستان کے صدر صاحبزادہ ابو الخیر زبیر نے بھی شرکت کی اور تحریک لبیک پاکستان کے لانگ مارچ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ بعدازاں لانگ مارچ نے میرپور خاص کی جانب سفر کا آغاز کیا جہاں راستے میں ٹنڈو جام اور ٹنڈو اللہ یار میں پاکستان بچاو مارچ کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ میرپور خاص پہنچنے پر عوام کی ایک بڑی تعداد لانگ مارچ کے استقبال کے لئے امڈ آئی۔ لوگ گھروں کی چھتوں سے پھول نچھاور کرتے رہے۔ بلدیہ چوک میں قائم استقبالیہ کیمپ پہنچنے پر اراکین شوری اور امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مارچ کے مقاصد کو دہرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ نااہل حکمران ملک میں پیدا ہونے والی گندم اور چینی کی سمگلنگ روکنے میں ناکام ہیں اور معیشیت کی بحالی کا کوئی بھی دعوی پورا نہیں کرسکے۔ ایک سے دوسرا وزیر خزانہ بدلنے سے معیشیت ٹھیک نہیں ہوتی، اور سوال ہم سے کیا جاتا ہے کہ ہمارے پاس معاشی منصوبہ کیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں ایک سوال کے جواب میں حافظ سعد حسین رضوی نے واضح کیا کہ ابھی تک حکومت نے تحریک لبیک پاکستان سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔

دوسرا دن (23 مئی 2023 بروز منگل)

تحریک لبیک پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان بچاو مارچ منگل کے روز عائشہ منزل  کراچی سے حیدرآباد کے لئے روانہ ہوا جو براستہ موٹروے (ایم 9) حیدرآباد پہنچا جہاں جگہ جگہ اس کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ حیدرآباد پہنچنے پر تاجر برادری کی جانب سے پاکستان بچاو مارچ پر پھول نچھاور کیے گئے۔   حیدر آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ سعد حسین رضوی نے اہلیان سندھ اور حیدرآباد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جانب سے پاکستان بچاو مارچ کا ایسا استقبال اور عوام کا اس پہ لبیک کہنا بتا رہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان اپنے صحیح راستے پر گامزن ہوگا اور ملک پر اس وقت مسلط جماعتیں راہ فرار اختیار کر لیں گی۔ ایک سوال کے جواب میں حافظ سعد حسین رضوی کا کہنا تھا کہ اسوقت وہ کونسا مسلہ بچا ہے جس میں پاکستان گھرا ہوا نہیں ہے اور اسی کے پیش نظر تحریک لبیک پاکستان نے پاکستان بچاو مارچ کا اہتمام کیا ہے۔ حیدرآباد میں راجپوتانہ اور حیدر چوک میں استقبالیہ کیمپ قائم کیے گئے تھے جہاں عوام کی ایک بڑی تعداد نے لانگ مارچ کا استقبال کیا جبکہ حیدر چوک میں امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے عوام سے خطاب بھی کیا۔ اپنے خطاب میں حافظ سعد حسین رضوی کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک پاکستان گرفتاریوں اور ریاستی جبر کے خوف سے پارٹی بدلنے والے لوگوں پہ مشتمل نہیں ہے بلکا یہ وہ لوگ ہیں جو مشکل وقت میں ظالم کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کہتے ہیں کہ ستم گر اھر آ ہنر آزمائیں۔

پہلا دن (22 مئی 2023 بروز پیر)

تحریک لبیک پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان بچاو مارچ پیر کے روز تقریبا سہ پہر 4 بجے مزار قائد سے امیر تحریک حافظ سعد حسین رضوی کی پریس کانفرنس کے بعد شروع ہوا۔ میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے حافظ سعد حسین رضوی نے پاکستان بچاو مارچ کے مقاصد بشمول پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، مہنگائی کی شرح میں ا‌ضافہ، اہلیان کراچی کے مسائل اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سمیت دیگر مطالبات پیش کیے۔ اس سے قبل حافظ سعد حسین رضوی شوری کے کثیر اراکین کے ہمراہ دربار حضرت عبداللہ شاہ غازی اور امام شاہ احمد نورانی رحمۃ اللہ علیھما پر حاضر ہوئے اور دعا مانگی۔ پاکستان بچاو لانگ مارچ مزار قائد سے آغاز کے بعد شاہراہ فیصل اور کارساز سے ہوتا ہوا عائشہ منزل پہنچا جہاں مارچ کے شرکاء رات بسر کرنے کے لئے رکے اور مارچ یہیں سے صبح حیدرآباد کی جانب سفر کا آغاز کریگا۔

شرکا کے لئے ہدایات

پاکستان بچاو مارچ میں شرکت کرنے والے تمام محترم حضرات سے گزارش ہے کہ شرکت کے لئے مندرجہ ذیل تجاویز و ہدایات پر عمل کریں۔

تمام شرکا کو مندرجہ ذیل چیزیں ضرور ساتھ رکھنی چاہیئں

  • موبائل فون (انٹرنیٹ پیکج کے ساتھ)، پاور بینک، چارجر اور ڈیٹا کیبل
  • منہ ڈھانپنے کے لئے بڑا کپڑا اور ایک اچھا فیس ماسک
  • گرمی کے پیش نظر پانی کی بوتل
  • کمر پہ پہننے والا بیگ جس میں یہ تمام چیزیں رکھ سکیں
  • دو کپڑوں کو جوڑے
  • اپنے گھر کا پتہ اور گھر والوں کے رابطہ کی تفصیلات ایک پرچی پہ لکھ کر ضرور ساتھ رکھیں
  • فرسٹ ایڈ کٹ (پیناڈول گولیاں، پایوڈیں، روئی اور پٹی وغیرہ)
  • گرمی کے پیش نظر نمک اور لیموں
  • ایک چھوٹی ٹارچ لائٹ
  • تحریک لبیک پاکستان کا جھنڈا
  • کھانے پینے کی اشيا اور دیگر اشیا جو آپ ضروری سمجتھے ہیں

مندرجہ ذیل چیزیں ساتھ رکھنا فائدہ مند ہو سکتا ہے

  • سولر چارجنگ پلیٹ
  • ایک بٹنوں والا فون (انٹرنیٹ سروس بند ہونے کی صورت میں رابطہ کے لئے)